اسلام آباد (فاروق اقدس)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے دورہ افغانستان کے دوران کابل میں نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر سے ملاقات کی جس میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی اور دیگر افغان حکام بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمٰن افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے تو ایئرپورٹ پر افغان رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفود کی سطح پر ہونے والے ان مذاکرات میں ٹی ٹی پی، داعش سمیت متعلقہ موضوع پر گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن، افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی خصوصی دعوت پر کابل پہنچے ہیں۔ روانگی سے قبل نمائندہ جنگ سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کابل میں اپنی مصروفیات اور مقاصد کے حوالے سے کہا کہ دورہ کابل کے حوالے سے انہیں نگران حکومت کا اعتماد حاصل ہے اور حکومت اس سلسلے میں مجھ سے رابطے میں ہے اس حوالے سے انہوں نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں دورے کے حوالے سے بریفنگ کا زکر بھی کیا۔