اسلام آباد (رپورٹ :عاصم جاوید) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے متعدد حلقوں میں اختلافات کے باعث امیدواروں کی نامزدگیاں التوا کا شکار ہو گئیں۔ پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں شیخ رشید احمد اور انکے بھتیجے شیخ راشد شفیق کے مقابلے میں بھی امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ بیرسٹر گوہر علی قومی اسمبلی کے نونیراور عمر ایوب خان ہری پور سے الیکشن لڑینگے ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد اور پی ٹی آئی کے درمیان 9مئی کے واقعات کے حوالے مبینہ اختلافات کے باعث پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی مسلم لیگ کا اتحاد برقرار نہ رہ سکا جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی قیادت پر ان حلقوں کے پارٹی کارکنان کا دباو بھی تھا کہ ٹکٹ پارٹی کے کارکنان کو ہی دئیے جائیں۔ گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری فہرستوں کے مطابق 8فروری 2024کے عام انتخابات میں متعدد حلقوں سے وکلا اور سابق فوجی افسران بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔