اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے غداری کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی سزائے موت برقراررکھنے کے حوالہ سے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے سابق صدر کے لواحقین کی جانب سے پیش نہ ہونے اورعدم پیروی کی بنیاد پر اپیل خارج کردی ، تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ بیرسٹرسلمان صفدر نے بتایا کہ پرویز مشرف کے قانونی لواحقین کی جانب سے ان سے رابطہ نہیں کیا گیا اورانہیں وکیل بننے کی اجازت نہیں دی اور عدالت کی جانب سے جاری نوٹسز کا بھی لواحقین کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ،موجودہ حالات میں لواحقین کی جانب سے عدم پیروی کی بنیاد پر اپیل خارج کی جاتی ہے عدالت نے قراردیا کہ خصوصی عدالت کی جانب سے درخواست گزار کو دی گئی سزابرقراررہے گی۔