بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی بیٹی آئرا خان کے استقبالیہ کی تقریب میں شاہ رخ خان میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ممبئی میں منعقد کیے گئے آئرہ خان اور نوپور شیکھرے کے استقبالیہ کی تقریب میں بھارتی فلم انڈسٹری کی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی لیکن شاہ رخ خان نے تقریب میں میڈیا کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
شاہ رخ خان نے انتہائی خوشگوار موڈ میں استقبالیہ کی تقریب میں شرکت کرکے پچھلے طویل عرصے سے اپنے اور عامر خان کے درمیان تناؤ کے بارے میں بھارتی میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی تردید کردی ہے۔
استقبالیہ کی تقریب سے سامنے آنے والی تصاویر میں شاہ رخ خان کو عامر خان اور ان کے داماد نوپور شیکھرے کی والدہ سے انتہائی خوشگوار موڈ میں ملاقات کرتے اور تصاویر بنواتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان کی بیٹی آئرا خان 3 جنوری کو مشہور بھارتی فٹنس ٹرینر نوپور شیکھرے کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔
آج کل سوشل میڈیا پر اس شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دولہا اور دُلہن کے منفرد اور غیر روایتی انداز پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔