راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی کاروبار سہولت مرکز (آربی ایف سی) فعال ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق دس کے لگ بھگ این او سی درخواستوں پر کارروائی کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب جلد راولپنڈی بزنس سہولت مرکز کا باضابطہ افتتاح کرینگے۔ بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر میں 28مختلف وفاقی، صوبائی و ضلعی محکموں کے کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں۔ واپڈا، نادرا، سوئی ناردرن، ماحولیات، لائیو سٹاک، ٹورازم، لوکل گورنمنٹ، پی ایچ اے، واسا، آبپاشی، پولیس و دیگر محکموں کے نمائندے عوامی رہنمائی کیلئے سرکاری دفتری اوقات میں موجود ہوا کرینگے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں یہ مراکز قائم ہونگے۔ پلازے، کمرشل پراجیکٹس سمیت دیگر کام کیلئے ایک چھت تلے تمام این او سی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ ایک اسسٹنٹ کمشنر عہدہ کی افسر سنٹر انچارج بنائی گئیں ہیں تاکہ کسی بھی درخواست پر غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔