لاہور (نیوزرپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے پاک-ایران کشیدگی کے خاتمہ کے لیے تیز ترین دوطرفہ مثبت اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی اور ایرانی عوام کے لیے ایک دوسرے پر حملے تشویش اور صدمہ کا باعث بنے ۔ خطے کے حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بھی کشیدگی ختم ہو ، باہمی تنازعات کو بامقصد مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ختم کیا جائے۔ امریکہ،بھارت،اسرائیل گٹھ جوڑ کے ذریعے خطہ میں دہشت گردی اور نفرتیں پھیلارہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے این اے 123، این اے 128 میں مسیحی برادری کی کارنر میٹنگز اور پاسٹرز کے ساتھ ملاقاتوں میں کیا۔ادھرسیکرٹری جنرل و جماعت اسلامی کے امیدوار حلقہ این اے 126 امیر العظیم نے منصورہ سے جوہرٹاؤن تک انتخابی ریلی کی قیادت کی جس میں امیدواران صوبائی اسمبلی عبدالقیوم گجر، ذکراللہ مجاہد، مقامی قیادت، کارکنان اور ووٹرز، سپورٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر العظیم نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے لوٹ مار کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، جماعت اسلامی کامیاب ہو کر لٹیروں کے احتساب کو یقینی بنائے گی۔