• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف وزیراعظم بنے تو جیلر سے لیکر جج تک سب سے انتقام لیں گے، بلاول

چنیوٹ (نمائندہ جنگ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو جیلر سے لیکر جج تک سب سے انتقام لینگے، چوتھی بار وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے والے کی سازش کو ناکام بنائیں ، ہم تنخواہیں ڈبل ،30لاکھ مفت گھر بنا کر دینگے،پی ٹی آئی ووٹرز اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ ان کی مشکلات ختم ہوگئیں ہمارے ساتھ ملکر ان کا مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دو جماعتوں کے درمیان سیاسی مقابلہ ہے، سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں انہیں ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کیا جاتا۔ تین بار ملک کا وزیراعظم رہنے والا اب چوتھی باری مانگ رہاہے پی ٹی آئی کے بھائیو یاد رکھو کہ اگر یہ شخص دوبارہ آگیا تو آپ کے خلاف سیاسی مقدمات کا انبار لگ جائے گا جیلر ، پولیس آفیسر اور خلاف فیصلے کرنیوالے تمام ججوں کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جائے گا ہم نے آج تک سیاسی انتقام کی سیاست نہیں کی ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکانے سے محترمہ کی شہادت کے بعد بھی ہمارا یہی کہنا ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے ہم نے اپنا منشور عوام کے سامنے رکھا اور ہمارے منشور کی نقل کرنیوالوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنیوالے ہمارے اوپر انگلیاں اُٹھاتے ہیں ہم اقتدار میں آئے تو بے نظیر خواتین کارڈ، بے نظیر یوتھ کارڈ،بے نظیر مزدور کارڈ، بے نظیر کسان کارڈ سمیت درجنوں سہولیات آپ تک پہنچائیں گے صرف چھ ماہ میں ہی چنیوٹ کو مفت علاج معالجے کے لیے ہسپتال بنا کر دو ں گا ہم پاکستان کو ان روایتی سیاست دانوں کے حوالے نہیں کر سکتے جو سب اقتدار میں آئے ہیں، کوئی ایک بار اور کوئی تین بار۔اقتدار میں آتے ہی تنخواہیں ڈبل کردیں گے کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے ، 30 لاکھ نئے مفت گھر بنا کر دیں گے جن کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسان خوش حال ہوگا تو ملک میں زرعی انقلاب آئے گاچوتھی بار وزیراعظم بننے کے خواب دیکھنے والے کی سازش کو ناکام بنائیں یہ دل میں بغض، نفرت اور انتقامی سیاست کرنیوالے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید