پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور صدر میں واقع پلازہ میں آتشزدگی کے باعث عمارت میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ امدادی کارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں۔ آگ سے جل جانے والے پلازے کے اندر دوسرے روز بھی کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں تھی ۔اتوار اور پیر کے درمیانی شب ٹائم سنٹر پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں ریسکیو ذرائع کے مطابق تقریبا 200دکانیں اور کیبنز جل گئے جن میں لاکھوں روپے کے علاوہ کروڑوں مالیت کے موبائل فونز، یوپی ایس، بیٹریاں ودیگر موبائل آلات جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے ۔ ریسکیو کے مطابق آتشزدگی کے دوسرے روز بھی آگ سے متاثرہ پلازے میں دھواں ختم کرنے کیلئے کولنگ کا سلسلہ جاری رہااوردیگر امدادی سرگرمیاں بھی جاری رہیں اور ریسکیو گاڑیاں موجود رہیں۔ جبکہ اگلے مرحلے میںملبہ ہٹانے کا کام شروع کیاجائے گا۔اس دوران متعلقہ ایریا کو سیل کیا گیا تھا اور کسی کو بھی عمارت کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔