کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہےکہ ووٹرز کو روکا گیا تو الیکشن کے دن قوم کا فیصلہ کسی دوسری سمت آسکتا ہے،سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہندوستان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں منہ زور طریقے سے امریکا، کینیڈا اور پاکستان سمیت کئی ممالک میں اپنے مخالفین کو موت کے گھاٹ اتار رہی ہیں، ہندوستان شاید سمجھتا ہے وہ بہت بڑا ملک ہے انہیں کوئی روک نہیں سکتا، نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی بہت کم تعداد شامل ہے۔سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملتان کا ماحول اس وقت باقی پاکستان سے الگ نہیں ہے،آٹھ فروری کے الیکشن یکطرفہ ہوگئے ہیں، ووٹر سے پوچھیں تو وہ تحریک انصاف کا نام لیتا ہے، انتظامیہ سے پوچھیں تو وہ ن لیگ، بلاول بھٹو یا جہانگیر ترین کہتے ہیں، ووٹر سخت ترین فیصلے لے چکے ہیں ان کو روکنا مشکل ہے،ووٹرز کو روکا گیا تو الیکشن کے دن قوم کا فیصلہ کسی دوسری سمت آسکتا ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ورکرز کنونشن گھر کے اندر بلایا گیا تھا جو ہماری چار دیواری ہے، یہ کنونشن میں نے نہیں میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور مہربانو نے بلایا تھا، پولیس نے ان پر ظلم شروع کیا تو میں باہر آگیا، ساٹھ ستر کارکنوں کو پولیس گاڑیوں میں بھر کر لے گئی ہے ان کا کوئی اتاپتا نہیں ہے۔