ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ملتان جمخانہ منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔ شہر میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹس کو چالو کرنے کے لئے ازسرنو کام شروع کیا جائے گا۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت میں ظہرانے سے خطاب کرتے کیا۔ اس موقع پر ایوان تجارت و صنعت کے صدر میاں راشد اقبال، سینئر نائب صدر ندیم احمد شیخ، سابق صدر خواجہ محمد یوسف، خواجہ محمد حسین، مرزا محمد ظفر اقبال، شیخ فضل الٰہی ،نوید احمد چغتائی،انور سلیم کین،خواجہ سہیل طفیل، ظفر اقبال صدیقی، احتشام الحق،صالحہ حسن اور سیکرٹری ایوان محمد شفیق سمیت دیگر ممبران موجود تھے۔ڈی سی نے کہا کہ شہر یوں کو صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ نشتر روڈ سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا تو ڈاکٹرز ہی سفارشی بن کر آگئے ۔ الیکشن کے بعد بہت سے معاملات بہتر ہو جائیں گے۔ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ایک ایپ تیار کر رہی ہے جس کے بعد شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں کا فالو اپ لیا جائے گا ،نواب پور روڈ سمیت مختلف سڑکوں کی بحالی کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ہیڈ محمد والا ڈبل روڈ منصوبہ پرتیزی سے کام جاری ہے ۔ بوسن روڈ پر روڈ کٹس بتدریج ختم کریں گے۔ جلد پارکوں کی حالت بہتر بنا دی جائے گی، ڈسٹرکٹ جیل کو شہر سے منتقل کر کے یہاں ریس کورس لاہور کی طرز کا ایک پارک بنایا جائے۔ نادر آباد فلائی اوور منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔صدر ایوان تجارت و صنعت نے کہا ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے تاکہ پہلے کیے گئے فیصلوں کے ساتھ ساتھ موجودہ مسائل کو بھی حل کرنے میں مدد مل سکے۔ ملتان میں سکیورٹی کے معاملات صفائی اور دیگر انتظامی معاملات کے لیے شکایت سیل کو فعال کیا جائے۔