• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ میں انتخابی امیدوار قتل، سبی میں پولیس چوکی اور کوئٹہ میں پی پی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے، چمن میں فائرنگ سے ANP کا کارکن قتل

کراچی(ٹی وی رپورٹ)باجوڑ میں انتخابی امیدوار قتل، سبی میں پولیس چوکی اور کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے، چمن میں فائرنگ سے اے این پی کا کارکن قتل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے این اے 8اور پی کے 22سے آزاد امیدوار ریحان زیب خان جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے بتایاکہ ریحان زیب الیکشن مہم کے سلسلے میں صدیقآباد پھاٹک پر موجود تھے جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ بلوچستان کے ضلع سبی میں ٹریفک پولیس بوتھ پر نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کیا۔دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار پولیس بوتھ پر بم پھینک کر فرار ہو گئے، دستی بم دھماکے سے پھٹ گیا، کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بم دھماکے سے پولیس بوتھ کو جزوی نقصان پہنچا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ضلع کیچ کے گاؤں بلیدہ میں بھی نامعلوم افرادنے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر ظہور بلیدی کے گھر پردستی بم سے حملہ کردیا۔ دستی بم گھر کے صحن میں زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئےتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ، حملے کے وقت پیپلز پارٹی کے حلقہ پی بی 45 کے نامزد امیدوار و سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک بھی دفتر موجود تھے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ بلوچستان کے شہر چمن میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا کارکن جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

اہم خبریں سے مزید