سانگھڑ ( محمد مبین بھٹی/ نامہ نگار ) شہید بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لاکھوں غریب خاندانوں کی کفالت کی ہے اور اگر پیپلز پارٹی دوبارہ برسر اقتدار آئی تو پارٹی کے منشور کے مطابق غریب عوام کو بلا تفریق دیگر سہولتوں کے علاوہ سولر سسٹم کے ذریعے 300 یونٹ تک بجلی مفت، بے گھر افراد کو 30 لاکھ گھر اور کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دئیے جائیں گے۔ سانگھڑ کے قریب خان بہادر غلام محمد وسان (مرحوم) کے آبائی گاؤں کنڈیاری میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بعداز کامیابی ضلعی ہیڈ کوارٹر سانگھڑ میں کراچی کے طرز پر امراض قلب کے لئے این آئی سی وی ڈی اسپتال بناکر دیں گے ۔