سوات،لاہور(نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں نے ریسٹ ہائوس نہیں اڈیالہ جیل جانا پسند کیا تھا، اگر ان کے بچے لندن میں محفوظ ہیں تو کارکنوں کے بچے جیلوں میں کیوں ہیں؟، سازشیں کرنے والے تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں،سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ریسٹ ہائوس نہیں اڈیالہ جیل جانا پسند کیا تھا۔نواز شریف کو بیوی کی موت کی خبر جیل میں ملی تھی لیکن جب نواز شریف عوام کا دکھ دیکھتے ہیں تو اپنا غم بھول جاتے ہیں۔ نواز شریف کو نا اہل کرنے والے آج چھپ چھپ کر دیکھتے تو ہوں گے، بہت لوگ آئے اور سازشیں کرکے کہا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے، نواز شریف وطن واپس آئے تو پورا پاکستان مینار پاکستان پر جمع ہوگیا تھا، آج نواز شریف جہاں جاتا ہے وہاں عوام کا ہجوم امڈ آتا ہے۔