کراچی ( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پی ایچ ایف کے نئے صدر طارق بگٹی کی تقرری پر بدستور سوالیہ نشان لگا ہوا ہے، نیا نوٹیفیکشن منگل کو متوقع ہے جس کے بعد انہیں پی ایچ ایف کانگریس سے اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔ تاہم ہاکی کے حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ نئی منتخب حکومت اور نئے وزیر اعظم انہیں ہی اس عہدے پر برقرار رکھنے کیلئے رضامند ہوں گے یا کسی نئے شخص کی تقرری کریں گے۔ وزارت بین الصوبائی کے وزیر بھی نئے ہوں گے جبکہ وزارت میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے، طارق بگٹی کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے ان ارکان سے ہاتھ ملانا ہوگا جنہوں نے پچھلے اجلاس میں ان کے فیصلوں کی مخالفت کی تھی، انہیں سابق صدر بریگیڈ ئیر خالد سجاد کھوکھر سے بھی رابطہ کرنا پڑے گا۔ دریں اثنا پاکستان فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شکیل عباسی نے مسقط میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز میں اختلافات کو غلط قرار دیا ہے اور کہا کہ دورے عمان میں مالی مسائل کا بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا، کھلاڑیوں کا قیام بھی اچھے ہوٹل میں تھا،پاسپورٹ ضبط نہیں کئے گئے تھے۔ ان فٹ کھلاڑیوں کا علاج بھی اچھے اسپتال میں کرایا گیا۔