لاہور(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی ،پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم نواز، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری ، بلاول بھٹو زرداری ،امیرجماعت اسلامی سراج الحق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،جہانگیر ترین ، بیرسٹر گوہر علی ،نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی،ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار، حافظ نعیم الرحمن سمیت سیاسی شخصیات نے ووٹ کاسٹ کردیئے، بلاول نے نوڈیرو ، شہباز نے لاہور،سراج الحق نے جندول ،فضل الرحمان نے ڈی آئی خان، بیرسٹر گوہر علی نے بونیر میں ووٹ ڈالا،عامر ڈوگر نے 149، فاروق ستارنے 238، خورشید شاہ نے 200،حافظ نعیم 250اورراجہ ریاض نے 104میں ووٹ کاسٹ کیا،۔صدر مملکت عارف علوی نے بمعہ اہل و عیال اپنے کراچی میں پولنگ سٹیشن پر پہنچے اور ووٹ کاسٹ کیا ۔ سابق صدر آصف زرداری نے نوابشاہ میں این اے 207 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے، پیپلز پارٹی نے عوام دوست منشور دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے لاہور کے این اے 128ماڈل ٹائون میں ووٹ کاسٹ کیا، سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا ووٹ این اے 127کے پولنگ سٹیشن نمبر 82پر اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے نوڈیرو میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 194میں ووٹ کاسٹ کیا ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جندول کے علاقے ثمر باغ میں ووٹ کیا سٹ کیا۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آبائی گائوں عبدالخیل میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے حلقہ این اے 46کے پولنگ سٹیشن اسلام آباد ماڈل سکول ڈورہ میں صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہونے سے قبل پولنگ سٹیشن پہنچے اور سب سے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے پولنگ سٹیشن واہڑ میں کاسٹ کیا ۔ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پولنگ شروع ہوتے ہی لوگوں کی قطاریں لگ گئی ہیں ، دعا ہے کہ پورے پاکستان میں امن امان سے الیکشن ہوجائیں۔سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی کے زیادہ اچھے انتظامات ہوتے اگر ہر پولنگ پر پاک فوج تعینات کی جاتی تو بہتر ہوتا، پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔ آصفہ بھٹو زرداری نے نوابشاہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، اس موقع پر آصفہ بھٹو نے کہا کہ آپ نے گھروں سے نکلنا اور ووٹ دینا بہت ضروری ہے، جیت پیپلز پارٹی کی ہونی ہے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے آبائی علاقے مرغز میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے این اے 104 فیصل آباد کے پولنگ سٹیشن 9 پر ووٹ کاسٹ کیا۔