• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ، پی پی اور آزاد میدان میں، شہباز سے ملاقات کیلئے MQM وفد کی لاہور آمد، صدر ہمیں حکومت بنانے کی دعوت دینگے، بیرسٹر گوہر، 3 حکومتیں ہمارے بغیر نہیں بن سکتیں، بلاول

لاہور، اسلام آباد، کراچی ( نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) الیکشن کے بعد حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ آزاد ارکان میدان میں آگئے، ن لیگ نے آزاد امیدواروں سے رابطے کیلئے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی، شہباز شریف سے ملاقات کیلئےایم کیو ایم کاوفد لاہورپہنچ گیا، ن لیگ کے صدر کا کہنا ہے کہ سیاسی قوتوں کو پاکستان کیلئے ایک ہونا ہوگا،بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق، بلوچستان اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی، دوسری جانب تحریک انصاف نے حکومت سازی کیلئے جماعت اسلامی اور ایم ڈبلیو ایم سے رابطہ کر لیا ہے، پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمیں اکثریت حاصل ہے صدر ہمیں ہی حکومت بنانے کی دعوت دینگے، بیرسٹر علی ظفر نے کہا پیپلزپارٹی سے اتحاد اور ن لیگ سے مذاکرات ممکن نہیں، آصف علی زرداری اور نواز شریف کے درمیان جاتی امراء میں ہونے والی ملاقات ملتوی ہوگئی ہے، ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری جمعہ کو شہباز شریف سے ملاقات کرکےبلاول بھٹو کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی قیادت حکومت سازی کے عمل کیلئے بھرپور طریقے سے متحرک ہے، ن لیگ کے قائد میاں محمد نوازشریف کی اتحادی حکومت بنانے کی دعوت پر ایم کیوایم پاکستان کا وفد لاہور پہنچ گیا۔ایم کیو ایم کےوفد میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹرفاروق ستار شامل ہیں۔ ملاقات میں سیاسی حکمت عملی پر بات چیت ہوگی، علاوہ ازیںن لیگ کے صدر صدر محمد شہباز شریف کی رہائشگاہ پر اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے آزاد امیدواروں سے رابطوں کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے اراکین اسحاق ڈار اور سردار ایاز صادق نے شہباز شریف سے ملاقات کی اور اسحاق ڈار نے آزاد امیدواروں سے اب تک ہونے والے رابطوں بارے بریفنگ دی ہے ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، مریم اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ ،احد چیمہ اور طلحہ برکی بھی ماڈل ٹائون پہنچے۔ اعظم نذیر تارڑ نے آزاد امیدواروں کی پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے قانونی امور پر بریفنگ دی۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیوز نیوز کیساتھ بات کرتے ہوئے اتحادی حکومت بنانے کے سوال پر کہا کہ ابھی تک مکمل نتائج سامنے نہیں آئے اور نہ ہی آزاد امیدواروں نے کوئی فیصلہ کیا ہے، لہٰذا ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کون کہاں حکومت بنا رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ آزاد امیدوار ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ان کہنا تھا کہ معاشی پالیسی مشاورت سے بنانی پڑیگی۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا انکی نواز شریف کے ساتھ ملاقات ہوگی تو انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ہم مکمل نتائج کا انتظار کر رہے ہیں اور جب نتائج سامنے ہونگے تو باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے کرنے کی پوزیشن میں ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں بڑے مارجن سے جیت رہے تھے لیکن صبح پتا چلا کہ ہار گئے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے جیل میں انکے وکلا عمیر نیازی ایڈووکیٹ اور بیرسٹر سلمان صفدر نے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ایڈووکیٹ عمیر نیازی نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم کو الیکشن نتائج پر مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ قوم نظرئیے اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے، جس طرح لوگوں نے ووٹ کاسٹ کیا یہ 1970 سے زیادہ لوگ باہر آئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید