راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا ہے کہ جعلی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی جعلی ہوگی۔منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن 8فروری کو ہوگیا لیکن مکمل نتائج ابھی تک مکمل نہیں ہوسکے الیکشن شفاف نہیں رہے ماضی کی طرح انجینئرڈ تھے اور اب جعلی انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی جعلی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور یورپی یونین نے بھی انتخابات کی شفافیت پر اعتراض کیا ہے آزادانہ کمیشن بنایا جائے جو انتخابی دھاندلیوں کی تحقیق کرے، الیکشن کمیشن کو اب مستعفی ہوجانا چاہیے کیوں کہ تمام جماعتوں کو ایک جیسا ماحول فراہم نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کو سپورٹ فراہم کی گئی عدالتی حکم کے باوجود انٹرنیٹ سروس بند کی گئی یہ عوام کے ساتھ اور ووٹرز کے ساتھ زیادتی ہے، کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا مگر کراچی میں ایک بار پھر ایم کیوایم کو جتوایا گیا ایک قاتل جماعت کو آگے لایا گیا ہے۔