لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اورچیف آرگنائزر مریم نواز شریف گزشتہ روز 9 نومنتخب ارکان قومی و پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پی پی 240 بہاولنگر سے سہیل خان، پی پی 48 سیالکوٹ سے خرم ورک، پی پی 249 احمد پور شرقیہ سے شہزادہ گزین عباسی ۔راجن پور سے خضر مزاری، پی پی 96 چنیوٹ سے ذوالفقار علی شاہ، پی پی 49 پسرور سے رانا فیاض اور پی پی 97 چنیوٹ سے ثاقب چدھڑ شامل تھے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے پانچ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کر کے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ ملاقات کرنے والوں میں این اے 189سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195سے عمران اکرم، پی پی 240سے سہیل خان، پی پی 297سے خضر حسین مزاری شامل تھے ۔ تمام ارکان نے قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کا اعلان کیا۔محمد شہباز شریف نے آزاد ارکان کا پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم اور مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آپکے جذبے کو سراہتا ہوں، آپ پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے، پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔نومنتخب ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے آزاد ارکان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی اور ان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ان کا کہنا تگا کہ آپ کا فیصلہ پاکستان کے عوام کی مشکلات کے حل کا ذریعہ بنے گا۔