کراچی (نیوز ڈیسک) دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی نے 23اکتوبر کو دی نیوز اور جنگ میں شائع ہونے والے کالم اور 13جنوری کو دی گئی خبر میں شہباز شریف کے وزیراعظم بننے اور علی امین گنڈا پور کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بننے کا بتادیا تھا۔انہوں نے اپنے کالم میں لکھا تھا کہ اگرچہ ن لیگی یہ نعرہ ،یہ بیانیہ بنا رہے ہیں کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے لیکن اگر انتخابات کا نتیجہ وہی ہوا جو اس وقت بہت سوں کو نظر آ رہا ہے تو میری ذاتی رائے میں وزیراعظم شہباز شریف بن سکتے ہیں اور اس فیصلہ کا اعلان نواز شریف خود کر سکتے ہیں۔اسی طرح انہوں نے اپنی خبر میں ذرائع سے بتایا تھا کہ خیبرپختونخوا میں وزارت عظمیٰ کے منصب کیلئے علی امین گنڈا پور کی راہ ہموار کرنے کیلئے اس دوڑ میں شامل پی ٹی آئی کے دیگر بااثر امیدواروں کو قومی اسمبلی کے ٹکٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی خبر میں بتایا تھا کہ اگر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرلیتی ہے تو علی امین گنڈا پور ہی وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے ۔