• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر راولپنڈی کا امریکی ویزا لینے کے بعد ضمیر جاگا، مریم اورنگزیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کا آٹھ دن بعد امریکا کا ویزا لینے کے بعد ضمیر جاگا ہے،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک دوبارہ الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لیے ن لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا،سینئر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ توقع کے برخلاف انتخابی نتائج آنے کے بعد پوری پلاننگ الٹی ہوگئی، کمشنر راولپنڈی کا انتخابات میں دھاندلی کا بیان بہت سنجیدہ ہے، آئندہ دنوں میں مزید استعفے سامنے آسکتے ہیں جس میں پنجاب کے ایک بڑے شہر کے کمشنر کا بھی استعفیٰ ہوسکتا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے فورمز موجود ہیں، یہاں کوئی بھی شخص بغیر ثبوت انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگادیتا ہے، کمشنر راولپنڈی کے پاس دھاندلی کا ثبوت ہے تو پیش کریں، لیاقت چٹھہ کے پاس کوئی کال یا ٹیکسٹ میسیج کا ریکارڈ ہے تو پیش کریں، کمشنر راولپنڈی کا آٹھ دن بعد امریکا کا ویزا لینے کے بعد ضمیر جاگا ہے، لیاقت علی چٹھہ کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، کمشنر راولپنڈی نے ایک ہفتے میں کس کس سے ملاقاتیں کیں تحقیقات ہونی چاہئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن کہتے ہیں میں نے دھاندلی کروائی ہے، کمشنر راولپنڈی بتائیں کس آر او کے ساتھ مل کر دھاندلی کروائی، دھاندلی ہوئی ہے تو کمشنر راولپنڈی میڈیا کے بجائے الیکشن کمشنر کے پاس جاکر ثبوت دیں، اگر الیکشن کمیشن سے ان کو کوئی پریشانی ہے تو ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ میں چلے جائیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اصلی فارم 45ہوتے تو امریکا کو دہائیاں نہ دیتے، الیکشن کمیشن میں فارم 45اور فارم 47موجود ہیں، الیکشن پر اعتراضات ہیں تو الیکشن ٹریبونلز سے رجوع کریں، ن لیگ کو بھی خیبرپختونخوا میں الیکشن پر اعتراضات ہیں ہم نے الیکشن کمیشن کو درخواستیں دی ہوئی ہیں، ان کے پاس موجود فارم 45کے اصلی یا نقلی ہونے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، الیکشن کمیشن ان سے فارم 45مانگتا ہے تو ٹی وی چینلز کے اسکرین شاٹس دیدیتے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کیلئے تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت ہورہی ہے، حکومت سازی اس وقت پھولوں کی سیج نہیں ہے ، جو وقت عوام کو ریلیف دینے میں لگنا چاہئے ہم پراپیگنڈہ کا جواب دینے میں لگے ہوتے ہیں، نواز شریف نے شہباز شریف کو دیگر جماعتوں سے رابطوں کی ذمہ داری دی ہے۔

اہم خبریں سے مزید