• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول، پاور شیئرنگ فارمولا پھر مسترد، عوام منتخب کریں گے تو وزیراعظم بنوں گا، چیئرمین PPP، پیپلز پارٹی اور MQM کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے، خواجہ آصف

لاہور، ٹھٹھہ ، اسلام آباد (ایجنسیاں، نامہ نگار، نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاور شیئرنگ کا فارمولا ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے آخری 2 سال مجھے وزیراعظم بننے کا کہا گیا میں نے منع کردیا، عوام منتخب کرینگے تو وزیراعظم بنوں گا.

 دوسری جانب ن لیگ کے خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کیساتھ ملکر حکومت بنائینگے،پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل ہے 

 اسحاق ڈار نے کہا کل پیپلزپارٹی کے ساتھ دوسرے اتحادیوں سے بھی بات کرینگے، حکومت سازی کیلئے مذاکرات جلد مکمل کرلینگے، پیپلزپارٹی کے قمرزمان کائرہ نے کہا وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا

حکومت سازی کیلئے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے آئندہ ہفتے اتحادی حکومت بن جائیگی، جبکہ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جلد فیصلے نہ ہوئے تو بحران گہرا ہوتا چلا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو ہمارے پاس ووٹ مانگنے آئے ہیں، ان سے وزارتیں نہیں لینگے، عوام کا فائدہ دیکھیں گے جبکہ صدارتی الیکشن میں آصف علی زرداری ہمارے امیدوار ہونگے۔ 

ٹھٹھہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا الیکشن اسلام آباد کی کرسی پر بیٹھنے کیلئے نہیں آپ کیلئے لڑا، کوئی ایسا سیاستدان ہو جو اپنے مسئلے پر نہیں عوام کے مسائل پر بات کرے، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے

تمام سیاست اور سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے بجائے عوام کے مفاد کا سوچیں، افسوس ہے باقی سیاستدان مجھ سے عمر میں بڑے ہیں لیکن اپنے لیے سوچتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں الیکشن پر احتجاج کررہی ہیں، اس ماحول میں ملک کیسے چلے گا؟ انہوں نے کہا اگر یہی ماحول رہا تو پاکستان کو بحران سے کون نکالے گا؟

 انہوں نے مزید کہا کہ تین قسم کی سیاسی جماعتیں ہیں، کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو دھاندلی کرکے بھی جیت نہیں سکتے، احتجاج کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کےجیالوں کے ساتھ دھاندلی کی جاتی ہے لیکن پھر بھی وہ جیت جاتے ہیں، ایک ایسی جگہ ہے جہاں سے میرا جیالا جیتا لیکن فارم 45میں پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کو جتوایا گیا

 ملک بھر میں ہمارے امیدواروں کے شکایتیں جمع کرینگے، الیکشن کمیشن، اعلیٰ عدلیہ ہو یا پارلیمان کی کمیٹی کے سامنے پیش کرینگے، اگر وہاں ناکام رہے تو پھر آپکے پاس آؤں گا اور احتجاج کا کہوں گا۔ 

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ نظر آرہا ہے پاکستان جل رہا ہے، چاروں صوبوں میں آگ لگی ہوئی ہے، پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے آگ کو بجھانا ہے، پاکستان کھپے کا نعرا لگانا ہے، ہم نہ وزیر اعظم کی کرسی نہ وزارت چاہتے ہیں، عوام کے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید