• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب پبلک سروس کمیشن میں جنوبی پنجاب کے ڈاکٹرزکو نظر اندازکیا گیا، پی ایم اے

ملتان(سٹاف رپورٹر) پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت نیوروسرجری، جنرل سرجری، اور دیگر اہم شعبوں کے اسسٹنٹ پروفیسرز کی سلیکشن میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے ڈاکٹروں کو ایک بار پھر نظر انداز کرنے پر پی ایم اے نے احتجاج کیا ہے ،اس حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے ہنگامی اجلاس گزشتہ روز صدر پی ایم اے ملتان ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی سربراہی میں منعقد ہوا اس موقع پر صدر پی ایم اے ملتان کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہےکہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے امیدواروں کو بار بار نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ زیادہ تر امیدواروں کا انتخاب لاہور اور اپر پنجاب سے ہو رہا ہے۔ پی پی ایس سی سینئر رجسٹرار و اسسٹنٹ پروفیسرز کے انٹرویو پینل میں تمام بورڈز ممبرز اور ایگزامینرز لاہور سے ہوتے ہیں اور وہاں کے امیدواران کو ہی پسندیدہ سمجھتے ہیں، جس سے ساؤتھ پنجاب کے محنتی لوگوں کو بار بار سلیکٹ نہیں کیا جا رہا،حکام بالا سے سوال ہے کہ پینل میں ایگزامنرز ملتان اور جنوبی پنجاب سے شامل کیوں نہیں ہوتے ،اس موقع پر دیگر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پی پی ایس سی ملتان سینٹر پر سینئر رجسٹرار ،اسسٹنٹ پروفیسرز و دیگر امتحانات کا بند ہو جانا اس ناانصافی کو مزید ہوا دیتا ہے، جس سے مایوسی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے،میڈیکل آفیسرز و دیگر تمام انٹرویوز ملتان ہو رہے ہیں تو یہ کیوں نہیں ہو سکتے ہمارا مطالبہ ہے کہ سب امیدواران کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے انٹرویوز میں صاف، شفاف اور برابر مواقع دئیے جانے چاہئیں،پی ایم اے ملتان ایک صاف سسٹم، برابری کے مواقع، اور انصاف کا مطالبہ کرتی ہے! ہمارا مطالبہ ہے کہ لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان سنٹرز کو بحال کریں۔
ملتان سے مزید