• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے جامع اصلاحات کی ہیں، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملک کی معاشی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ہے،بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے جامع اصلاحات کی ہیں، نمک کی کان کنی کے شعبے میں امریکی کمپنی کی 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے، انسانی اور قدرتی وسائل پاکستان کو مستحکم، خوشحال اور ابھرتا ہوا ملک بنائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور امریکی کمپنی میریکل سالٹ ورکس کلیکٹو کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اس معاہدے سے باہمی طور پر مفید تعاون اور دونوں ممالک اور عوام کے درمیان دوستی مضبوط ہو گی، اس معاہدے کے ذریعے نہ صرف پاکستان سے نمک کی برآمد میں اضافہ ہو گا بلکہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے یہ سنگ میل ثابت ہو گا۔
اہم خبریں سے مزید