اسلام آباد (جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اعلیٰ قیادت نے توہین مذہب سے متعلق ایک فوجداری مقدمہ کے فیصلے کی تشریح سے متعلق بلاجواز تنقید اور بدنیتی پر مبنی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس بے بنیاد الزام اور متعلقہ قوانین سے لاعلمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ کیونکہ زیر بحث فیصلہ مکمل طور پر آئین کی دفعات، متعلقہ قوانین اور اسلامی احکامات سے ہم آہنگ ہے اور زیر بحث فیصلے میں ایسے کوئی عناصر شامل نہیں ہیں جنہیں توہین آمیز قرار دیا جا سکے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شوکت اور سیکرٹری سید علی عمران کی پریس ریلیز کے مطابق ملک بھر کے وکلاء اپنے دین کا یکساں فہم رکھتے ہیں، اور ہم اللہ تعالی اور آخری رسول حضرت محمدؐ کی حرمت کے چوکس محافظ ہیں۔ ایک فوجداری نوعیت کے مقدمہ میں فیصلے پر غور کئے بغیر ہی ایسے الزامات لگانا ایک نہایت اشتعال انگیز عمل ہے۔ ہم تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ پہلے اس فیصلے کو غور سے پڑھیں، توہین مذہب کے بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں۔