اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس تمام تر دعوؤں اور پابندی کے باوجود راولپنڈی میں پتنگ بازی ، آتش بازی اور ہوائی فائرنگ روکنے میں ناکام ہو گئی ۔جمعہ کو راولپنڈی میں بھرپور بسنت،ہوائی فائرنگ پکڑ دھکڑ ،بو کاٹا جاری رہا۔رات گئے ملنے والی اطلاع کے مطابق تھانہ صادق آباد کے علاقہ میں 65سالہ ممتاز علی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ چھتوں سے گرنے اور پتنگیں لوٹنے کے دوران 80افراد زخمی ہوئے جن میں سے 15اندھی گولیوں کی زد میں آئے ۔ ایک بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے14 گاڑیوں سمیت 325پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا ۔ اسلحہ سمیت ہزاروں پتنگیں ڈوریں، ساؤنڈ سسٹم بھی بر آمد کر لئے گئے ۔ اندھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہونے والوں میں 71سالہ صدیق،ہزارہ کالونی میں 16سالہ حمزہ، محلہ اکال گڑھ میں 20سالہ فیض،13سالہ فاطمہ،10سالہ مجاہد،عبداللہ اور محمد امجد جبکہ ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والوں میں ڈھوک رتہ کا6سالہ حسیب،راجہ بازار میں 19 سالہ ذیشان،ڈھوک حسو میں 18سالہ ساجد، راول روڈ پر10سالہ مصطفی،14سالہ شہیر، 13سالہ عبدالرافع، 45 سالہ نورزادہ،48سالہ محمد امتیاز ، 22سالہ رجب اور 12سالہ صفیان ، 10سالہ محمد اسماعیل،7سالہ ہادی،7سالہ عبداللہ گردن اور ہاتھ پرکیمیکل ڈورپھرنے سے زخمی ہو گیا۔چھتوں سے گر کر زخمی ہونے والوں میں راجہ بازار میں 11سالہ حمزہ،18سالہ عمر،10سالہ صائم عباس ، اور صادق آباد کا نامعلوم ریڑھی بان شامل ہے جوپتنگ پکڑنے کے دوران پلازے کی چھت سے گر گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ادھر بے نظیر ہسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کے رش کے باعث عام افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق بسنت کے دوران پتنگ بازی اور فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری رہا ۔گزشتہ روز پولیس نے 6 ساؤنڈ سسٹم قبضے میں لے لئے جبکہ24 افراد سے اسلحہ برآمد کرکے گرفتار کیا گیا جن سے 188 دھاتی اور کیمیکل ڈوریں بھی قبضہ میں لینے کے علاوہ مختلف علاقوں سے 14 ہزار 230 پتنگیں برآمد کی گئیں۔ ادھر ریسکیو 1122راولپنڈی کے مطابق جمعہ کو پتنگ بازی کے دوران پتنگ ڈور پھرنے کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کے گرنے اور زخمی ہونے کے دو درجن سےزائد حادثات پیش آئے ۔