اسلام آباد(رپورٹ حنیف خالد)نئے منتخب وزیراعظم یکم مارچ تک حلف اٹھالیں گے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آئندہ ہفتے 24کروڑ پاکستانیوں کے منتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے۔حلف برداری کی تقریب جمعرات /جمعہ 29فروری/یکم مارچ کو ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی۔ وزیراعظم کے عہدے کا انتخاب قومی اسمبلی آف پاکستان 28/29فروری کو کرے گی۔ اس طرح یکم مارچ2024تک پاکستان کے 24وزیراعظم حلف اٹھا لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ،جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی، چیف آف ایئر سٹاف ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ان کی وفاقی کابینہ، اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفرا ،ہائی کمشنرز ،اعلیٰ سول و عسکری عہدیداران ،سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے جج صاحبان، وفاقی سیکرٹریز، اٹارنی جنرل آف پاکستان ،آڈیٹر جنرل آف پاکستان ،پنجاب کی وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز،سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ،صوبوں کے گورنرز اور دوسری اعلیٰ شخصیات مدعو ہونگی۔ امکانی طور پر قومی اسمبلی آنئدہ بدھ/جمعرات کو مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو شو آف ہینڈ کے ذریعے قائد ایوان چنے گی۔شہبازشریف کو قومی اسمبلی نے 11 اپریل 2022کو پاکستان کا 23واں وزیراعظم کثرت رائے سے منتخب کیا تھا۔ مگر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صدر عارف علوی نےاپنے بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر میاں شہبازشریف سے ایوان صدر میں حلف لینے سے معذرت کی تھی اور آئین کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے 11اپریل2022 کو ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں میاں شہباز شریف سے حلف لیاتھا جبکہ 14اگست 2023کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے صدر عارف علوی نے حلف لیا تھا۔ پاکستان کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان15اگست 1947سے 16 اکتوبر 1951تک عہدے پر فائز رہے دوسرے وزیراعظم خواجہ ناظم الدین 17اکتوبر 1951سے 17اپریل 1953تک متحدہ پاکستان کے وزیراعظم رہے تیسرے وزیراعظم محمد علی بوگرہ 17 اپریل 1953سے 11اگست 1955تک پاکستان کے وزیراعظم رہے اس کےبعد چوہدری محمد علی ،حسین شہید سہروردی،ابراہیم اسماعیل چندریگر ،سر فیروز خان نون،نورالامین وزیراعظم رہے۔1973میں قومی اسمبلی سے منتخب ہونے والے پہلے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو تھے ان کے بعد محمد خان جونیجو ،محترمہ بینظیر بھٹو ،میاں محمد نوازشریف، میر ظفراللہ خان جمالی، چوہدری شجاعت حسین،شوکت عزیز،یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف،شاہد خاقان عباسی، عمران خان،شہبازشریف قومی اسمبلی کے منتخب شدہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ وفاقی دارالحکومت کے سیاسی حلقوں کے مطابق رواں ماہ (فروری)کے آخری دن یا نئے ماہ(مارچ)کے پہلے دن نئے منتخب وزیراعظم سے جب صدر حلف لیں گے تو نئے منتخب وزیراعظم اس قومی تقریب میں پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت صدر مملکت عارف علوی سے اپنی پہلے مرحلے کی کابینہ کے ارکان سے حلف لینے کی درخواست کرینگے صدر عارف علوی کے نئی وفاقی کابینہ کے ارکان سے اسی تقریب میں حلف لینے کا امکان ہے۔