• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی ہدایات پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ )کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، راولپنڈی ضلع موسم کی شدت کا سب سے زیادہ شکار ہے، تمام متعلقہ محکمے قبل از وقت اقدامات کے تحت اپنا جامع پلان مرتب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری محکموں کے سربراہان سے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیف انور جپہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نازیہ سدھن و دیگر سرکاری محکموں کے سربراہان شریک تھے۔اس موقع نئے تعینات کمشنر کو راولپنڈی کی ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی اوورآل فزیکل پراگریس 22 فیصد ہے، ہولی فیملی ہسپتال کی ری ویمپنگ تیزی سے جاری ہے، پرانی بلڈنگ کا کام سو فیصد مکمل جبکہ نئی عمارت کا 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، دودھوچہ ڈیم پر کام جاری ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے راولپنڈی جیسے اہم ڈویژن کی ترقی کا ٹاسک سونپا گیا ہے سب مل کر ایک ٹیم کی صورت میں اس ٹاسک کو پورا کریں گے۔ ٹیموں کی تعداد بڑھا کر دن رات کام کیا جائے، تمام پراجیکٹس کا وزٹ کر کے وہاں بریفنگ لوں گا، کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں حدود و قیود سے نکل کر ایک ٹیم ورک کی صورت میں ہمیں اپنی سماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔ شہر کی صفائی کے اقدامات، روڈ سیفٹی، پرائس کنٹرول کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں، انتظامی افسران خود فیلڈ میں رہتے ہوئے تمام کاموں کی نگرانی کریں۔ جائزہ اجلاس میں ہرمحکمے کو دیئے گئے ٹاسک پر ان کی کارکردگی کو جانچاجائے گا۔ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل میں پیش آنے والی روکاٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے تا کہ یہ اہم منصوبے غیر ضروری تعطل کا شکار نہ ہونے پائیں۔ کمشنر نے گرین بیلٹس کی حفا ظت، پرانے پلوں و سڑکوں کی مرمت، سٹریٹس لائٹس، بس اڈوں پر ضروری سہو لیات کی فراہمی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف آپر یشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اسلام آباد سے مزید