• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا عشائیہ، بلاول کی میثاق معیشت، اصلاحات کی تجاویز، غلام مصطفیٰ شاہ کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کردیا

اسلام آباد( ایوب ناصر )چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اورآصف زرداری نےنامزد وزیر اعظم شہباز شریف اور اسپیکر ایاز صادق کی نامزدگی کی توثیق کر دی ہے‘.

شہباز شریف کی طرف سے بدھ کو مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں دیئے گئےعشائیے میں بلاول بھٹونے پیپلزپارٹی کی طرف سے غلام مصطفی شاہ کا نام ڈپٹی اسپیکر شپ کے امیدوار کے طور پر نامزد کردیا ہے اور نئی حکومت کے سامنے چارٹر برائے معیشت، قومی اتفاق رائے، انتخابی اور عدالتی اصلاحات پر عملدرآمد کرنے کی تجاویز پیش کردیں.

 عشایئے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبا ل نے کہا کہ ہم مل کرعوامی مسائل حل کریں گے‘ محاذ آرائی ملک کے لئے زہر ہے‘اپوزیشن کی مثبت تنقید کو برداشت کریں گے‘.

پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ہم اکٹھے مل کر تمام اتحادی ووٹ دیں گےہم سب مل کر چلیں گے‘ سب کو آن بورڈ لے کر چارٹر آف اکانومی اور چارٹر آف قومی مصالحت کرنا ہے‘مشترکہ ایجنڈا بنائیں گے.

 مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سب جماعتیں معیشت کی بہتری پر فوکس چاہتی ہیں‘استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان نے کہا کہ تمام اتحادیوں نے مل کر امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے‘مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سب مل کر ملک کو آگے بڑھائیں.

‘ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں موجود دیگر جماعتوں سے رابطوں کیلئے ایک چھ رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس سے آج ہی مولانا فضل الرحمٰن سے رابطے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید