اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلے ،سابق وزیراعظم شہبازشریف کی بیوروکریسی ٹیم کی وزیر اعظم آفس میں دوبارہ تعیناتی کا عمل شروع ہو گیا ۔ شہبازشریف کے وزیر اعظم بننے سےقبل وزیر اعظم آفس میں اہم تعیناتی کی گئی ۔سمیراحمد سیدکوپنجاب حکومت سے تبدیل کرکے وزیر اعظم آفس میں جوائنٹ سیکرٹری تعینات کیا گیا ۔ سمیراحمد سید بطور وزیر اعظم شہبازشریف کے پرنسپل سٹاف آفیسر اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے سیکریٹری تعینات تھے۔ سمیر احمد سید پی ایس او ٹو وزیراعظم کی ذمہ داریاں بھی نبھائینگے۔ دریں اثناء اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر کے منتظر گریڈ 22کے افسر پرویز احمد جونیجو اور گریڈ20کی افسر عائشہ زرین صدیق او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بنا دیئے گئے ہیں، مزید برآں او ایس ڈی محمد سلیم ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ اوورسیز پاکستانیز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ مذہبی امور محمد راضی کی خدمات این ڈی ایم اے اور ڈپٹی سیکرٹری خزانہ ڈویژن ملٹری فنانس وِنگ کاشف رشید کی خدمات آڈیٹر جنرل پاکستان کو واپس کی گئی ہیں جبکہ ڈپٹی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز ڈویژن عبدالواحد تھہیم کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔