اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے بعد اتحادی جماعتوں کے مرکزی راہنمائوں کا ایک وفد مولانا فضل الرحمان کے گھر واقعہ اسلام آباد پہنچا۔
ذرائع کے مطابق اس وفد کا بنیادی مقصد مولانا فضل الرحمان کو منانا تھا تاکہ وہ ایوان میں آکر اتحادی حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کریں۔
رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اتحادی راہنمائوں کے وفد نے مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ و ہ وزیراعظم ،اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں اتحادی حکومت کا ساتھ دیں ۔ تاہم ذرائع کے مطابق وفد کو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
سینیٹر عبدالغفور حیدری نے دوٹوک بتایا کہ جے یو آئی (ف) حکومت سازی میں شامل نہیں ہوگی،انھیں سیاسی جماعتوں سے نہیں الیکشن کمیشن اور سکیورٹی اداروں سے تحفظات ہیں جنھوں نے انتخابات شفاف نہیں کرائے۔
ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزیراعظم اورصدرکیلئےووٹ کی درخواست لےکرآئے تھے، مولانا فضل الرحمان سے کل ہمارے قائدین کی ملاقات ہوگی۔