کراچی (عبدالماجد بھٹی) کراچی کنگز پرانی روش پر لوٹ آئی، شرفین ردرفورڈ نے چھکوں کی برسات کردی۔ انور علی اپنی پرانی ٹیم کے خلاف اسکور کا دفاع نہ کرسکے۔ ردفورڈ نے دوچھکوں کی مدد سے 18رنز بناکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹ کی ڈرامائی فتح دلوادی۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔ ویسٹ انڈیز اسٹارز ردفورڈ اور عقیل حسین نے80رنز کی ناقابل شکست رنز47 گیندوں پر بناکر مشکل ہدف کو آسان کردیا۔ ردفورڈ نے31گیندوں پر58رنز چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ عقیل حسین نے17گیندوں پر 22رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ کراچی کنگز کو ہوم گراونڈ پر دو دن میں دوسری شکست ہوئی۔ ایک وقت پر یہ ہدف مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ آخری دو اوورز میں جیت کے لئے25 جبکہ چھ گیندوں پر15رنز کی ضرورت تھی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کی شب تماشائیوں کو دلچسپ میچ دیکھنے کو ملا۔ کوئٹہ نے پانچویں میچ میں چوتھی کامیابی حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ کراچی نے پانچ میں سے دو میچ جیتے ہیں اور اسے تین میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ کوئٹہ کی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا اسی دوران تین رنز پر جیسن رائے کا کیچ موزاربانی نے چھوڑ دیا۔ جیسن اور سعود شکیل کی شراکت میں پچاس رنز 32گیندوں پر بنے۔ سعود شکیل20گیندوں پر24رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔ خواجہ نافع دو رنز بناکر زاہد محمود کا شکار بنے۔ سر کی انجری کے بعد آنے والے سرفراز احمد تین رنز پر حسن علی کی لیگ اسٹپمڈ سے باہر جاتی ہوئی کو چھیڑنے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے ۔ جیسن رائے31گیندوں پر52رنز بناکر شعیب ملک کے ہاتھوں انہی کی گیند پر کیچ ہوئے، کپتان رائیلی روسو کو چھ رنز بناکر پر زاہد محمود نے فارغ کیا۔89 رنز پر آدھی ٹیم کو آؤٹ کرکے کراچی نے میچ میں کم بیک کیا۔ لیکن میچ اپنے نام نہ کرسکی۔ قبل ازیں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا ۔ کنگز نے 8 وکٹ پر 165 رنز بنائے۔ سعود شکیل نے دو کیچ ڈراپ کرکے بولروں کے لئے مشکلات پیدا کیں۔ اسپنرز نے اننگز کو کنٹرول میں رکھا اور سات وکٹ حاصل کئے۔ کراچی کا کوئی بیٹر ففٹی نہ بناسکا۔ شان مسعود ،2 رنز بنا سکے۔ انور علی نے 14 گیندوں پر 25 رنز کی تیزرفتار اننگز کھیلی ۔ جیمز ونس 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، محمد نواز نے19گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 28 ، ٹم سیفرٹ 21 ، شعیب ملک 12 ، کیرون پولارڈ 13 ، عرفان خان نیازی 15 اور حسن علی 2 رنز پر ہمت ہار گئے۔کوئٹہ گلیڈی اٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے31 رنز دے کر تین ، ویسٹ انڈین عقیل حسین اور عثمان طارق نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔