• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رین ایمرجنسی نافذ، تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ جاری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ نے بارش کے حوالے سے ہنگامی اجلاس میں صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا،کراچی میں رین ایمرجنسی کے پیش نظر کراچی بھر کے تعلیمی اداروں، تمام سرکاری اور نجی دفاتر میں جمعہ یکم مارچ کوآدھے دن کی چھٹی کا اعلان ، واٹر بورڈ، کراچی الیکٹرک (کے ای) اور کنٹونمنٹس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 29 فروری 2024 کی رات سے 2 مارچ 2024 کی صبح تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہونے کا امکان ہے، رہائشیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس حوالے سے مکمل احتیاط کریں ، کراچی میں بارش جمعہ کی دوپہر دو بجے کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے اور مختلف اسپیل کے سبب اربن فلڈ کا بھی خطرہ ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ شہر میں یکم مارچ کو 12 گھنٹے کے دوران 16 سے 32ملی میٹر بارش متوقع ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ ماہ بارش کے دوران شاہراہ فیصل پر ٹریفک کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیر کی وجہ سے عوامی مسائل پر بھی بات کی، انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر میں رہیں اور اپنے بچوں کا خیال رکھیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید