اسلام آباد (محمد صالح ظافر )شہباز شریف بطور وزیراعظم 4مارچ (پیر) کو دوپہر 2 بجے ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
اعلیٰ ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ صدر عارف علوی نے نئے وزیر اعظم سے حلف لینے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور چاروں صوبائی گورنرز بھی موجود ہوں گے۔
وزیر اعظم کا انتخاب کل (اتوار) کو ہوگا دلچسپ بات یہ ہے کہ صدر علوی نے اپریل 2022 میں شہباز شریف کو وزیر اعظم کا حلف دلانے سے انکار کر دیا تھا جب وہ عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کے عمران خان کو ہٹانے کے بعد بلا مقابلہ وزیر اعظم بنے تھے۔
عارف علوی ایوان صدر میں رہنے کے باوجود تحریک انصاف کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ اس نے اپنی صحت کی خرابی کا بہانہ بنا کر حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔
وہ ایوان صدر کے عقبی صحن میں موجود تھے جب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان صدر کے آڈیٹوریم میں شہباز شریف سے حلف لیا تھا۔
شہباز شریف ملک کے 33ویں وزیراعظم ہوں گے۔ اتوارکو ووٹنگ میں ان کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ عمر ایوب خان ان کے مدمقابل ہوں گے اور ان کے پاس اتنے ووٹ نہیں ہے کہ وہ اچھا مقابلہ کر سکیں۔