اسلام آباد (محمد صالح ظافر) جاپان کی حکومت نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے پانچ مقامی غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کو 84ملین روپے (8 کروڑ 40 لاکھ روپے) کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، ان منصوبوں میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی بحالی کے تین منصوبے بھی شامل ہیں۔ گرانٹ کے معاہدوں پر منگل کو جاپانی سفارت خانے میں جاپانی سفیر وادا مٹسوہیرو اور پانچ این جی اوز کے نمائندوں کے درمیان دستخط ہوئے۔ پانچ این جی اوز جو پروجیکٹوں کو لاگو کریں گی وہ ہیں: ایسوسی ایشن فار ہیوئیر اینڈ نالج ٹرانسفارمیشن (اے بی کے ٹی)، فورٹیفائیڈ سروسز فار ریفارمز اینڈ ٹرانسفارمیشن (ایف ایس آر ٹی)، ایکشن فار ہیومن ایڈوانسمنٹ (اے ایچ اے ٹی)، لوک سدھار ایسوسی ایشن اور سیف ہینڈز فاؤنڈیشن شامل ہیں۔ ان این جی اوز کے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے تباہ شدہ پلوں، تباہ شدہ اسکولوں کی دوبارہ تعمیر، آنکھوں کے علاج کے مرکز کی تعمیر، بچوں کے نئے پرائمری اسکول کی تعمیر کیلئے رقوم دی جائیں گی۔ دستخط کی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جاپانی سفیر مٹسوہیرو نے کہا کہ مقامی کمیونٹیز کے تعاون سے ترقیاتی منصوبے نچلی سطح پر پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔