کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ عید کے بعد ہمارا حق نہیں ملا تو دوسرا راستہ چنیں گے.
سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ نو مئی کے حوالے سے مزید سختی ہونے والی ہے، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، نو مئی پر بہت سخت احتساب ہونے والا ہے اس کیلئے ترمیم بھی کرنا پڑی تو ہوگی.
میزبان شہزاد اقبال نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اسد طور کی پیکا جیسے کالے قانون کے تحت گرفتاری باعث تشویش ہے.
سنی اتحاد کونسل کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ صدارتی الیکشن کیلئے ابھی الیکٹورل کالج مکمل نہیں ہے، الیکٹورل کالج پورا نہیں ہوتا تو الیکشن کی کوئی وقعت نہیں ہے، ہمارے لوگوں کو جیتی ہوئی نشستوں پر ہرایا گیا، جن لوگوں کو جیتا ہوا قرار دیا گیا وہ خود بھی جانتے ہیں انہیں شکست ہوئی ہے، پہلے دوسرے قسم کی چوری ہوتی تھی اب ووٹ چور بھی آگئے ہیں، ہم اداروں کے پاس جارہے ہیں مگر تمام ادارے کمپرومائزڈ ہیں،ہمیں قانونی آپشن چھوڑ کر سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔