اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پہاڑ جیسے مسائل کا سامنا ہے، عوام کو توقعات بہت ہیں، مہنگائی میں کمی ناگزیر ہے، انہوں نے پارٹی صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو کابینہ جلد تشکیل دیکر منشور پر عمل درآمد شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے، ن لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں میں کابینہ کے نام سامنے آجائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت موجود تھی۔ ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے پر مشاورت ہوئی اور اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان سے پھر گزارش کروں گا، عوامی مسائل ہماری اولین ترجیح ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کی غیر رسمی مشاورت میں اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف سے کہنا تھا کہ وزیر اعظم آپ جلد کابینہ تشکیل دیں اور منشور پر عمل درآمد شروع کریں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا ہمیں اس وقت پہاڑ جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے اور عوام کو ہم سے بہت توقعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اسحاق ڈار،رانا ثناءاللہ اور دیگر سینئررہنما شریک تھے۔ اسحاق ڈار نے اتحادی جماعتوں سے ہونے والی بات چیت سے نوازشریف کو آگاہ کیا۔ دوسری جانب صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ نے (آج) اتوار تک کابینہ کے نام فائنل ہونے کی امید ظاہر کردی ہے۔