لاہور(خصوصی نمائندہ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گھروں رمضان پیکیج کی ترسیل کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا حکم دیدیا، وزیر اعلیٰ نے بغیر اطلاع پونچھ ہاؤس میں ماڈل رمضان بازار کنٹرول روم کا دورہ کیا اور صوبائی ماڈل بازار کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کاجائزہ لیا۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ، ڈیش بورڈ اورپی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ کا مشاہدہ کیا اور قیمت ایپ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈیش بورڈ پر پیش کردہ اداو شمار کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
رمضان پیکیج کی گھروں میں ترسیل کی مانیٹرنگ کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ عوام کو ان کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانا چاہتے ہیں،رکاوٹ یا غفلت برداشت نہیں کریں گے۔
عوام کو قطاروں میں نہیں لگنے دیں گے،انکے گھروں میں ان کا حق پہنچائیں گے۔
رمضان پیکیج اوردیگر امور کے بارے میں ڈسٹرکٹ سکور کارڈبنایا جائے گا،خلاف ورزی کی صورت میں نمبر کم ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گھر میں ترسیل کی اطلاع بھی ڈیش بورڈ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10رمضان تک تمام ضرورت مندوں تک رمضان نگہبان پیکیج پہنچ جائیں گے۔
چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ،ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی نے سرگودھا میں ٹیچر کے مبینہ تشدسے 14سالہ طالب علم کی ہلاکت کے حوالے سے کہا کہ طلباء پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں، اسے ریڈ لائن سمجھا جائے۔
مزید برآں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل محسن عباس نے عوام کی جان ومال کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔
ان کی قربانی کو یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو شہید کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کا حکم بھی دیا ہے۔