لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ مریم نواز نے”صاف ستھرا پنجاب“ مہم کے تحت جہلم، جھنگ، وہاڑی اوربہاولنگر میں ماڈل پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ ”صاف ستھرا پنجاب ”پائلٹ پراجیکٹ میں پنجاب کے 4 شہروں کوصفائی کے لحاظ سے ماڈل شہر بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صفائی مہم کو موثر اورتیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار ماڈل تیار کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے دیہی علاقوں میں صفائی مہم کا پائیدارنظام بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے خصوصی اجلاسمنعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے لاہور میں 21منزلہ ارفع کریم ٹاور ٹو بنانے کی منظوری دیدی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ہدایت کی کہ چین کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کو بھی آفس قائم کرنے کے لئے مدعوکیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر سے بہترین آئی ٹی کمپنیوں کو آئی ٹی سٹی میں بزنس کے مواقع فراہم کریں گے۔پنجاب سمیت پاکستان بھر کے طلبا کے لئے ورلڈ بیسٹ یونیورسٹیوں کے کیمپس بنائیں گے۔