راولپنڈی(ایجنسیاں/جنگ نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سری لنکا والا کام ہونے جارہا ہے‘ اب مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور عوام باہر نکل آئیں گے‘ کوئی ڈیل کی بات نہیں ہورہی، وکلا تک سے ملاقاتیں بند کردی گئی ہیں جبکہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی کوئی اخلاقی ساکھ نہیں رہی‘ ہمارے دروازے مذاکرات کیلئے کھلے ہیں مگر ان سے کیا مذاکرات کریں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کردی گئی، میری ساری پیش گوئیاں سچ ثابت ہوئیں‘پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رہےگا، ہم انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پھر پیسا چلنے والا ہے، گزشتہ سینیٹ انتخابات میں گیلانی کا بیٹا پکڑا گیا، آج تک سزا نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے‘الیکشن جھوٹے ہوئے، سکیورٹی تھریٹ کا کہا جا رہا ہے، یہ بھی جھوٹ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیاگیا، ووٹر نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
ادھراڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں رہی‘وفاقی کابینہ میں نگراں حکومت میں شامل افراد کو لیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے لیکن ہم نے درخواست کی تھی‘بانی پی ٹی آئی سے امیدواروں کے حوالے سے بات ہوئی ہے، اس پر پارٹی حتمی فیصلہ کرے گی، کچھ امیدواروں کو فائنل کرلیا گیا ہے ۔