• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ KP کی ملاقات مثبت پیشرفت، وزیر اطلاعات

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ملاقات بہت مثبت پیشرفت ہے،تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی وزیراعظم سے ملاقات کو الیکشن کمیشن کے نوٹس سے جوڑنا درست نہیں ہوگا، تین صوبوں میں تین پارٹیوں کو حکومتیں ملی ہیں اب ہر جماعت کو پرفارم کرنا ہوگا،وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات بہت مثبت پیشرفت ہے، ایسی ملاقاتیں ہوتی رہیں تو ملک کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے، علی امین گنڈا پور وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے آئے تو دونوں طرف سے پرتپاک استقبال ہوا۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک آن لائن فورم کے ذریعہ یورپی یونین کو سیکڑوں پٹیشنز بھیجی جارہی ہیں، ان پٹیشنز میں کہا جارہا ہے کہ جیل میں عمران خان کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے اس لیے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیا جائے، عمران خان اس سے پہلے آئی ایم ایف کو بھی خط لکھ چکے ہیں، عمران خان تین کمروں کے کمپاؤنڈ میں ہیں جس میں واکنگ گیلری اور ایکسر سائز کیلئے سائیکل بھی ہے۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش کا نقصان اس کے مکمل بند ہونے کی صورت ہوتا ہے، ایک طرف آزادیٔ اظہار رائے دوسری طرف ریاست کا تحفظ ہے، بیرون ملک بیٹھے کچھ لوگ پاکستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، اسمبلی کے کس بھی رکن کی تقریر کو سنسر نہیں ہونا چاہئے، اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی آڈٹ جلد مکمل کرلیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے، عمران خان واحد قیدی ہیں جنہیں ہفتے میں چار ملاقاتوں کی اجازت تھی، عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی سیکیورٹی کا ایشو ہے۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ معروف افسر ہیں انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کام کیا ہے، سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ اگلی پیشی پر عدالت آجائیں گے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کیلئے الیکشن ٹریبونلز موجود ہیں جیوڈیشل کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی وزیراعظم سے ملاقات کو الیکشن کمیشن کے نوٹس سے جوڑنا درست نہیں ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو مثبت انداز میں دیکھنا چاہئے، علی امین گنڈا پور تمام تر اسکروٹنی کے بعد صوبائی اسمبلی کے رکن بنے ہیں، مجھے آج دس ماہ بعد نو مئی کے حوالے سے مقدمے میں نامزد کردیا گیا،پی ٹی آئی وفاق اور پنجاب میں موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم سے خیبرپختونخوا کا حصہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ زین قریشی کا کہنا تھا کہ تین صوبوں میں تین پارٹیوں کو حکومتیں ملی ہیں اب ہر جماعت کو پرفارم کرنا ہوگا، تحریک انصاف کا یورپی یونین کو بھیجی جانے والی پٹیشن سے کوئی تعلق نہیں ہے، آئی ایم ایف کو خط میں لکھ دیا تھا کہ تحریک انصاف آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف نہیں نہ اس میں رخنہ اندازی چاہتی ہے، پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس میرے والد کی وجہ سے بحال ہوا تھا۔
اہم خبریں سے مزید