اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت تعلیم نے پنجاب حکومت کی طرز پر اسلام آ باد میں ضرورت مند ذہین بچوں کیلئے دانش سکول قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت تعلیم نے سکول کے قیام کیلئے ایک سمری سی ڈی اے کو بھیجی ہے جس میں در خواست کی گئی کہ سکول کے قیام کیلئے اسلام آ باد میں پچاس ایکڑ اراضی الاٹ کی جا ئے۔سی ڈی اے بورڈ نے گزشتہ روز چیئر مین سی ڈی اے کیپٹن (ر) انوار الحق کی زیر صدارت ہو نیوالے اجلاس میں اس درخواست پر غور کے بعد پارک روڈ اسلام آ باد پر این آئی ایچ کے پاس دس ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دی۔سی ڈی اے نے این آئی ایچ کو جو اراضی الاٹ کی تھی اس میں سے بیشتر انہوں نے استعمال نہیں کی۔ اس دوران ان کی لیز ختم ہوگئی اور زمین سی ڈی اے کو واپس مل گئی۔ اس میں سے سی ڈی اے نے144ایکڑ اراضی سپیشل زوننگ اتھارٹی کو الاٹ کی تھی۔ دس ایکڑ اراضی دانش سکول کو الاٹ کردی گئی ہے۔