کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی مخلوط حکومت کو قائم ہوئے ابھی چند دن ہوئے ہیں.
شہباز شریف کی حکومت نے ارسا کے چیئرمین کا تقرر کیا تو اس پر پیپلز پارٹی نے بڑا اعتراض کیا ،پی پی رہنما نوید قمر نے قومی اسمبلی میں اس تقرری پر دھواں دھار تقریر کی جس کے بعد شہباز شریف نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا.
وزیراعظم شہباز شریف کو چوبیس گھنٹوں میں فیصلہ واپس لینے پر مجبور کردیا گیا اس سے خطرے کی گھنٹیاں بج اٹھی ہیں، یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ شہباز شریف کی مخلوط حکومت اپنی مدت پوری کرے گی یا نہیں کرے گی، یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی طاقت ہے جس کی انہوں نے ہلکی سی جھلک دکھائی ہے ، کیا شہباز شریف آنے والے وقت میں فیصلے کرسکیں گے، پیپلز پارٹی کو ان کا کوئی فیصلہ پسند نہیں آئے گا تو کیا شہباز شریف اسی طرح نوٹیفکیشن واپس لیتے رہیں گے۔