کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ نائن میں ملتان سلطانز نے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔جمعرات کی شب کوالی فائر میں ملتان نے پشاور زلمی کو سات وکٹ سے شکست دے دی میچ کا فیصلہ9گیندیں پہلے ہوگیا۔جمعے کو پہلے ایلی مینیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹیڈ سے ہوگا۔بابر اعظم کی پشاور زلمی کے پاس ایک اور چانس موجود ہے وہ ہفتے کو پہلے ایلی مینیٹر کی فاتح سے میچ کھیلے گی۔نیشنل اسٹیڈیم میں ملتان کی اننگز میں نوجوان یاسر خان نے 37گیندوں پر54رنز بنائے۔محمد رضوان15رنز بناکر آوٹ ہوئے۔عثمان خان36اورافتخار احمد22رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بولنگ کی دعوت دی اور سات وکٹ پر 146رنز بنائے۔صائم ایوب صرف ایک رن بنانے کے بعد ڈیوڈ ولی کاشکار بنے۔کپتان بابر اعظم اور محمد حارث نے مل کر اسکور کو 51تک پہنچایا ہی تھا کہ حارث کی 22رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ حسیب اللہ خان بھی صرف 3رنز بنا سکے۔کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کیا لیکن اس بار وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور ٹام کوہلر کیڈمور کے ہمراہ مزید 44رنز کی شراکت قائم کی۔بابر اعظم نے 46رنز بنائے۔ انہوں نے42گیندیں کھیلیں اور پانچ چوکے مارے۔ٹام کوہلر کیڈمور نے 24رنز کی اننگز کھیلی لیکن پھر وہ بھی اسامہ میر کی دوسری وکٹ بن گئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔