راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے )پرائس چیکنگ کم کرنے پر راولپنڈی ڈویژن میں96سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ حکومت پنجاب نے ذخیرہ اندوزی اور نگہبان رمضان پیکج کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائن 080002345 اوپن کردی ہے ،شہری اور صارفین جب چاہیں شکایات درج کرواسکتے ہیں ،انتظامیہ فوری ایکشن لے گی۔ اس بات کا اظہار کمشنر آفس میں ڈویژنل کوارڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن بھر میں اب تک 1لاکھ 88ہزار377مستحقین نگہبان راشن پیکج سے مستفید ہوچکے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ تمام تاجر، دکاندار، اسٹاکسٹس اور گودام مالکان تین روز کے اندر ڈپٹی کمشنر آفس میں اپنے اسٹاک کی معلومات درج کروائیں گے بصورت دیگر ان کا اسٹاک ذخیرہ اندوزی میں شمار کیا جائے گا اور بمطابق قانون ضبط کرلیا جائے گا۔