• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پاگل کر دینے والی اس جاب کو کئی مرتبہ Good Bye کرنے کا سوچا‘‘ کینیڈین وزیراعظم

اسلام آباد (فاروق اقدس/ جائزہ رپورٹ) وزیراعظم کا منصب ایک پاگل کر دینےوالی ذمہ داری ہے روز خیال آتا ہے کہ پاگل کر دینے والی اس نوکری کو گڈبائی کہہ دوں لیکن یوں ہمت ہارنے والا نہیں ہوں آئندہ انتخابات تک تو بہرحال چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعظم کی حیثیت سے کام کرنا آسان نہیں .حکمرانی کیلئے یہ برا وقت ، دنیا بھر میں جمہوریتیں خطرے میں ، لوگ عوامی طاقت کے مظاہروں کی بنیاد پر بات منوانا چاہتے ہیں ملک کے اہم ترین منصب پر فائز جھنجلاہٹ اور بیزاری کے لفظوں میں یہ خیالات کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ہیں جن کا اظہار انہوں نے اپنے ملک کے ایک ریڈیو انٹرویو میں کیا۔ 52سالہ جسٹن ٹروڈو اپنے ملک کے مقبول ترین وزیراعظم اور ایک پرکشش شخصیت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی منکسر المزاج اور عوامی طرز زندگی کو پسند کرنے والی شخصیت ہیں اپنے ملک میں اسلاموفوبیا میں مبتلا اسلام مخالف عناصر کی انتہا پسندانہ سرگرمیوں کیخلاف کئے جانے والے اقدامات کے باعث انہوں نے کینیڈا میں سکونت پذیر مسلمانوں کے تحفظ اور ان کے مذہبی جذبات کو مقدم رکھا اور ان کی ہمدردیاں حاصل کیں۔ وہ ماہ رمضان کے آغاز پر اپنے خصوصی پیغام میں مسلمانوں کو اسلام و علیکم کے ساتھ ماہ رمضان اور اسی طرح عید کے تہوار پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی حیثیت سے کام کرنا آسان نہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ سال اپنی اہلیہ سوفی سے شادی کے پندرہ سال بعد علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس فیصلے کے باوجود ان میں محبت اور احترام کا رشتہ برقرار رہے گا (اور ایسا ہی ہے)۔ اس موقع پر ان کی بیگم سوفی کا کہنا تھا کہ پہلی ملاقات میں ڈنر کے بعد جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ، میں 31سال کا ہوں اور میں 31سال سے تمہارا انتظار کر رہا تھا۔ جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اپنے ملک کے اعلیٰ ترین منصب کے بارے میں ریمارکس دینا بھر کے میڈیا میں گردش کر رہے ہیں جس میں ٹروڈو کے ان ریمارکس کو بھی نمایاں کیا جا رہا ہے جس میں ایک سوال کے جواب میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکمرانی کیلئے یہ برا وقت ہے دنیا بھر میں جمہوریتیں خطرے میں ہیں کیونکہ عوامی طاقت کے مظاہروں کو ٹرینڈ کا درجہ مل چکا ۔ لوگ جمہوری انداز چھوڑ کر صرف عوامی طاقت کے مظاہروں کی بنیاد پر بات منوانا چاہتے ہیں تاہم دوسری طرف ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اگلے سال اکتوبر 2025میں کینیڈا میں ہونیوالے انتخابات میں اپوزیشن لیڈر پییرے پولییویرکی پوزیشن بہت مضبوط ہے اور وہ راہ عامہ کے تمام جائزوں میں ٹروڈو سے آگے ہیں۔ مقبولیت میں تیزی سے کمی کے باعث جسٹن ٹروڈو کے اعتماد میں بھی کمی ہو رہی ہے کیونکہ اپوزیشن کا دباؤ بڑھ رہا ہے اور اسی لئے وہ مایوسی، بیزاری اور گھر میں سکون سے بیٹھنے کی باتیں کر رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید