لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا،قیدیوں کی 3ماہ سزا معاف،155رہا کرنیکا اعلان کیا ،مریم نواز اپنی قید کی یادیں تازہ کرتی رہیں ،انہوں نے کہا کہ نظام عدل کی کمزوریوں سے بیگناہوں کوبھی جیل کاٹنا پڑتی ہے،سسٹم میں بہتری لائینگے، وزیر اعلیٰٰ مہمانوں کی بجائے قیدی خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں، خواتین کو خود سموسے ، پکوڑے ،پھل اور کھانا پیش کرتی رہیں، مریم نواز نے سنٹرل جیل کے لان میں پودا لگایا اور مزید درخت لگانے کی ہدایت بھی کی۔مریم نواز نے اس سیل کا دورہ بھی کیا جہاں ان کے والد نواز شریف قید کے دوران رہے، مریم نواز جیل میں گزارے وقت کی یادیں تازہ کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے کچن میں قیدیوں کیلئے تیار کھانے کا جائزہ لیا اور معیار چیک کیا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قیدیوں کیلئے سپیشل افطار مینیو تیار کیا گیا، وزیراعلیٰ نے قیدیوں سے بات چیت کی،مسائل اورضروریات دریافت کیں۔مریم نواز نے قیدی خاتون کے ساتھ موجود ننھی بچی کا ہاتھ پکڑ لیا اور اسے کھانے کے بارے پوچھا، وزیراعلیٰ نے اپنی قید کے دوران ڈیوٹی پر متعین جیل سٹاف سے ملاقات بھی کی اور رہائی پانیوالے قیدیوں میں تحائف تقسیم کیے، مرد قیدیوں کو 15ہزار روپے اور کپڑے جبکہ خواتین قیدیوں کو 15ہزار روپے، کپڑے اور چوڑیاں دیں۔