حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) اسپیشل اینٹی کرپشن سینٹرل کورٹ حیدرآباد نے حیسکو میں ملازمین تنخواہوں اور پنشن میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے مقدمہ میں نامزد حیسکو کی خاتون آفیسر سمیت حیسکو نوابشاہ کے 12افسران کی عبوری ضمانت برائے قبل ازگرفتاری کی درخواست منظورکرکے 29مارچ کو ضمانت کی توثیق کے لئے پیش ہونے کاحکم دیدیاہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل اینٹی کرپشن سینٹرل کورٹ حیدرآباد میں ملازمین کی تنخواہوں ‘پنشن جی پی فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے مقدمہ میں نامزد حیسکو نوابشاہ کی خاتون آفیسر حنا تالپور‘ محمدعارف خان‘ ذوالفقار علی میمن‘ ‘سید وسیم شاہ ‘اعجاز حسین‘ خالد کریم‘ سید صمد حسین پیرزادہ‘ ذوالفقار علی خانزادہ‘ میرپورخاص میں درج مقدمہ میں نامزد اعجاز حسین قریشی‘ ذوالفقار علی میمن‘ خالد خانزادہ ‘وسیم شاہد سمیت 12ملزمان نے ضمانت کے لئے دائر درخواستوں میں کہاتھا کہ ان کا کرپشن کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اس کے باوجود ایف آئی اے نے حیدرآباد‘ میرپورخاص اور نوابشاہ میں ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں گھروں پرگرفتار یوں کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ایف آئی اے سے تعاون کے لئے تیار ہیں ‘مقدمہ میں ضمانتیں منظورکی جائیں ۔عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد تمام 12حیسکو افسران کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت برائے قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظورکرلی ہیں۔