• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشام دہشت گردی، سویلین، عسکری قیادت یک زبان، مہمانوں کے دشمنوں سے آخری حد تک لڑنے کا عزم

اسلام آباد(ایجنسیاں)پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت نے پاکستان‘ اس کے عوام اور یہاں کام کرنے والے غیر ملکی مہمانوں پر بری نظر رکھنے والے دشمنوں سے آخری حدتک لڑنے کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہریوں پربشام میں دہشت گرد حملے کے بعد ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میںدہشت گردی کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریاست کے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں‘مجرموں کو جلد کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستان کے عوام کے حوصلے اور عزم کا غلط اندازہ لگایا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء‘آرمی چیف جنرل عاصم منیر‘وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور متعلقہ شعبوں کے انسپکٹر جنرل پولیس نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے حملے میں جاں بحق چینی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس وحشیانہ فعل کے مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پوری قوم چینی باشندوں کی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے جسے پاکستان کے دشمنوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے استعمال کیا ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شرکاء نے سرحد پاردہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے علاقائی نکتہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران جنرل سید عاصم منیر نے ملک کو درپیش دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم گذشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستان کے عوام کے حوصلے اور عزم کا غلط اندازہ لگایا ہے‘ہم دہشت گردی کے خلاف اس وقت تک جنگ لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور یہاں کام کرنے والے غیر ملکی مہمانوں پر بری نظر رکھنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ ہر غیر ملکی شہری خاص طور پر چینی شہری جو پاکستان کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں پاکستان میں محفوظ رہیں، ہم پوری طاقت کے ساتھ دہشت گردی کا آخری دم تک مقابلہ کرینگے۔ اجلاس کے شرکاء نے ریاست کے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کا جامع مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید