اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شانگلہ حملے کی تحقیقات کیلئے چین سے آئی خصوصی تفتیشی ٹیم سے ملاقات کی اور بشام حملے سے متعلق اب تک کی تحقیقات سے آگاہ کیا۔محسن نقوی نے چین کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور حملے سے متعلق ہونے والی اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شانگلہ حملے کے اصل ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔دریں اثناء پاکستان میں چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاک چین تعاون کو سبوتاژ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔