• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشام حملہ پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کیا، ذمہ داروں کو نشان عبرت بنائیں گے، وزیراعظم

داسو (اے پی پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بشام حملہ ملک اور پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کیا، ذمہ داروں کو نشان عبرت بنادینگے، چینی دوست پاکستان کی ترقی اورخوشحال کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، آپکی سلامتی ہماری سلامتی ہے، ہر ممکن کوشش کرینگے کہ آپ اور آپکے اہل خانہ کو فول پروف سکیورٹی ملے۔ داسو ڈیم کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بشام کا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، جب 26مارچ کو 5چینی انجینئر اور ایک پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، مجرموں کو ایسی مثالی سزائیں دینگے کہ کوئی ایسے گھنائو نےجر م کا سوچے بھی نہیں۔ قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف داسو ڈیم کے منصوبے پر کام کرنیوالی چینی کمپنی کے انجینئرز سے ملاقات کے لیے کوہستان پہنچے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ بےقصور چینی باشندوں اور پاکستانی شہری کو قتل کرنے کا یہ انتہائی بزدلانہ حملہ تھا، اس کی وجوہات کچھ اور نہیں بلکہ یہ تھی کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچایا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پاکستان کے دشمنوں نے کیا، جو پاکستان اور چین کے درمیان ہر روز بڑھتی دوستی کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ڈھونڈتے ہیں، مزید کہا کہ میں آپ لوگوں کے چہروں پر دکھ اور غم کو دیکھ سکتا ہوں، کہ آپ کے 5 ساتھی اس دنیا سے جا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس غم میں آپ کے برابر کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اس افسوسناک واقعے کے فوری بعد چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور اظہار تعزیت کیا تھا، میں نے اپنے بھائی سفیر کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ہم یقینی طور پر مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، اور یقینی بنائیں گے کہ انہیں مثالی سزائیں دی جائیں کہ تاکہ کوئی بھی ایسے گھناؤنے جرائم کرنے کا سوچے بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حملے کی تحقیقات کے لیے میں نے اُسی دن مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)، انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی تھی، مزید کہا کہ ہم انکوائری کمیٹی کی تجاویز پر اسکی روح کے مطابق عمل کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کرینگے۔
اہم خبریں سے مزید